ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا انتخابات کے لئے سخت حفاظتی بندوبست کے ساتھ ای وی ایم کے دو کنٹینرس پہنچ گئے بھٹکل

لوک سبھا انتخابات کے لئے سخت حفاظتی بندوبست کے ساتھ ای وی ایم کے دو کنٹینرس پہنچ گئے بھٹکل

Sat, 23 Mar 2024 12:41:31    S.O. News Service

بھٹکل 23/مارچ (ایس او نیوز)  بھٹکل میں 7/ مئی کو لوک سبھا انتخابات ہوں گے جس کے لئے   ای وی ایم مشینیں اور وی وی پیٹ اور ووٹنگ سے منسلک دیگر آلات  آج سنیچر  علی الصباح  پولس کی سخت نگرانی میں بھٹکل پہنچ گئیں اور تمام مشینوں کو  گرو سُدھیندرا کالج میں  واقع ایک اسٹرانگ روم  میں رکھ دیا گیا۔جس کے بعد کمرے کو  سِیل کردیا گیا۔یہاں پولس کی سخت نگرانی رکھی گئی ہے، ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں۔ حفاظتی انتظامات کے تحت اسکول کے باہر ہی  ایک فائر بریگیڈ کو بھی  رکھا  گیا ہے۔

بھٹکل۔ہوناور حلقہ میں 248 پولنگ بوتھ ہیں، اس مناسبت سے  یہاں دو کنٹینروں پر جملہ 310ای وی ایم مشین اور 327 وی وی پیٹ کاروار سے بھٹکل   میں لائی گئی   ہیں،  الیکشن سے ایک دن پہلے 248 مشینوں کو  بھٹکل۔ہوناور  حلقہ کے جملہ  248 پولنگ بوتھوں میں روانہ کیا جائے گا۔جبکہ کسی پولنگ بوتھ پر مشین خراب ہونے کی  صورت میں فوری متبادل   انتظام کرنے کے لئے    زائد مشینیں اسٹرانگ روم میں  موجود رہیں گی۔

بتاتے چلیں کہ الیکشن سے دس ، بارہ دن پہلے اسٹرانگ روم کو کھولا جائے گا اور حیدرآباد یا  بینگلور سے   آئے ہوئے  ماہر انجینرس تمام مشینوں کی جانچ کریں گے۔ ایک سرکاری ذرائع نے بتایا کہ  انجینرس  کی موجودگی میں قریب ایک ہزار ووٹ ڈال کر بھی جانچ کی جاتی ہے کہ  آیا مشینوں میں کچھ گڑبڑ  تو نہیں ہے، مکمل جانچ کے بعد پھر ایک بار کمرے کو سیل کیا جائے گا۔ پھر انتخابی  نامزدگیوں  کی کاروائی مکمل ہونے کے بعد  دوبارہ اسٹرانگ روم کھولا جائے گا اور  انتخابی اُمیدواروں کے نام اور اُن کا انتخابی نشان وغیرہ کے تعلق سے مشینوں کی سیٹنگ کی جائے گی۔ اس درمیان انتخابی کاروائی انجام دینے والے تمام  اہلکاروں کے لئے دو مرتبہ ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ آنند اشرم کانوینٹ اسکول میں  ٹریننگ کی کاروائی انجام دی جائے گی۔

جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب  کنٹینرس بھٹکل پہنچے،  اسٹرانگ روم میں  محفوظ رکھنے اور سیل وغیرہ کرانے تک صبح کے چھ بجے گئے۔ اس موقع پر الیکشن آفسر اور بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر نینا،  تحصیلدار ناگراج نائیکڈ، سرکل پولس انسپکٹر  گوپی کرشنا سمیت دیگر کئی  اہلکار موجود تھے۔


Share: